کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماسابق سینیٹرحافظ حمداللہ زخمی حالت میں کراچی منتقل کردیئےگئے وہ گزشتہ روزمستونگ جاتے ہوئے منگچر کے مقام پر بم دھماکےمیں زخمی ہوئے تھے،حافظ حمداللہ کوکراچی ٹرمینل ون پرایئر ایمبولینس کےذریعےمنقتل کیاگیا جےیوآئی بلوچستان کےصوبائی امیرمولانا عبدالواسع ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔جے یوآئی رہنماؤں مولانا عبدالکریم عابد،مولانا محمد غیاث،ڈاکٹر نصیرالدین سواتی،حاجی امین اللہ،مولانا سمیع الحق سواتی،مولانا شاہ محمد،مولانا احسان اللہ ٹکروی،مولانا نورالحق،مولانا فتح اللہ،جمال کاکڑسمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔سابق سینیٹر حافظ حمداللہ کوفوری طور کراچی کےنجی ہسپتال کیلئے منتقل کردیاگیا ہےجہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی سہولیات دی جارہی ہیں۔درین اثناء کراچی ائیرپورٹ پرصحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئےجے یوآئی سندھ کےڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولاناسمیع الحق سواتی نےکہاکہ حافظ حمداللہ زخمی ہیں لیکن ان کےحوصلےبلندہیں دہشت گردہمارےحوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔ جمعیت علمائے اسلام امن کی علمبردار جماعت ہے ہماری قیادت اور کارکنان کا خون وطن عزیز کی سڑکوں پر بکھرا پڑا ہے لیکن پھرہم نے امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔انہوں نے کہاکہ جے یوآئی اسلام ، ملک و قوم کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حافظ حمداللہ پر حملے میں ملوث عناصر کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔