لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیلئے ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ اجلاس کے شرکاءنے پارٹی قائد کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مثالی اور تاریخی استقبال کے عزم کا اظہار کیا۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں منعقدہ اجلاس میں پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان ، لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر، شائستہ پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، خواجہ احمد حسان، علی پرویز ملک، مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال یاسین، میاں مرغوب احمد، رانا مبشر اقبال، ریاض ملک سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے پارٹی قائد نواز شریف کی استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے شرکا ءنے اس موقع کو تاریخی بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آرا ءبھی پیش کیں۔اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں میں تیزی لانے ،پارٹی کارکنوں اورعوام سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے پارٹی رہنماوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ اجلاس کے شرکاءنے بھرپور جوش وجذبے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی پر پارٹی قائد نوازشریف کا تاریخی استقبال کیاجائے گا ، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو ابحرانوں سے نکالیں گے، قوم کی ذمہ داری ہے کہ چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، نوازشریف ہی پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بیروزگاری کے سیاہ اندھیرے ختم کرسکتے ہیں،قوم کو معاشی دکھوں سے نجات صرف نوازشریف ہی دلا سکتے ہیں۔