اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مولانا اسعد محمود نے حافظ حمداللہ پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انتخابات سے قبل اس طرح کے حملے کسی صورت میں قابل قبول نہیں ۔ اپنے مذمتی بیان میں مولانا فضل الرحمن نے حافظ حمداللہ سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاءکی اور کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ صوبائی نگران حکومت اس افسوس ناک واقعہ کے زمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ جےیوآئی کے قائدین پر انتخابات سے قبل اس طرح کے حملے کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ سابق وفاقی وزیر اسعد محمود نے کہا کہ حافظ حمد اللہ پر حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ حافظ صاحب اور دیگر محفوظ رہے۔ جے یو آئی کارکنوں اور قیادتوں کو اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔ جے یو آئی کو ریاست سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔ ادارے اپنے فرائض منصبی ادا کریں ،حالات کو مزید تباہی کی طرف نہ لے کر جائیں ،دعا ہے کہ اللہ کریم تمام زخمیوں کو جلد صحت دے۔