کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں پی ڈی ایم کے ترجمان اور جمعیت علما اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ کے قافلے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے 2 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حافظ حمد اللہ سمیت دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ڈی ا یم کے مرکزی ترجمان جمعیت علما اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ قافلے کے ہمراہ منگچر جارہے تھے کہ جیسے ہی ان کا قافلہ مستونگ کے علاقے چوتو کے مقام پر پہنچا تو نامعلوم ملزمان کی جانب سے تخریب کاری کے لئے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے حافظ حمد اللہ، محمد یوسف، قدرت اللہ، حافظ رحیم بخش، محمد عامر، محمد یوسف، حاجی احمد، عبدالقادر، حلیم سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے دھماکے سے2 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر، مقامی انتظامیہ، پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں پر انہیں طبی امداد دی گئی اور حافظ حمد اللہ سمیت دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کرلئے۔ڈی سی مستونگ کے مطابق دھماکے میں حافظ حمد اللہ سمیت دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے انہیں مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔