اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) محکمہ موسمیات نے 15 ستمبر سے ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق15 سے 20 ستمبر کے دوران آندھی تیز ہواوں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ،خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونگی،16 ستمبر سے مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان جبکہ15 سے 20 ستمبر کے دوران کشمیر گلگت بلتستان مری گلیات سمیت پنجاب کے اکثر مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔اس دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان،16 سے 18 ستمبر کے دوران کرم لکی مروت ڈیرہ اسماعیل خان بنوں کرک وزیرستان اور جنوبی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے،16 سے 18 ستمبر کو راجن پور موسی خیل بارکھان ژوب قلات خضدار میرپور خاص تھرپارکر خیرپور عمر کوٹ میں بارش کی توقع، 17 سے 19 ستمبر کے دوران گلگت بلتستان کشمیر گلیات چترال ایبٹ آباد راولپنڈی اسلام آباد میں ندی نالوں میں پانی کے بہاو میں اضافے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر گلگت بلتستان چترال مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،بارشوں کے باعث حالیہ گرمی کی شدت میں کمی کا امکان،آندھی تیز ہواوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔