اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم وفات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے تمام تر توجہ تعلیم کی فراہمی اور غربت کے خاتمے پر مرکوز کرنا ہوگی۔صدر مملکت نے پیر کو بابائے قوم قائد اعظم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم پاکستان کو قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم نے امن، مساوات ، قانون کی بالادستی ، معاشی اور سماجی انصاف اور اقلیتوں کے حقوق کی وکالت کی، آج کے دن پوری پاکستانی قوم برصغیر پاک وہند کے عظیم رہنما قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلمانان برصغیر نے قائدِاعظم کی دوراندیش اور مدبرانہ قیادت میں قلیل عرصے میں پاکستان حاصل کیا، قائد اعظم نے بھرپور انداز میں مسلمانان ہند کا مقدمہ لڑا اور ایک علیحدہ ریاست کا قیام عمل میں لایا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قائدِ اعظم کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے وژن کے مطابق ملک کے کمزور طبقات سمیت خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے برسی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ قائداعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر خصوصی پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، اختلافات ختم کرکے مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کا عملی نمونہ تھی، قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین قائداعظم کے 14 نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے، آئیں عہد کی تجدید کریں کہ ہم اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔