اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒکی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بانی پاکستان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒکی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت موجود ہ دور کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مزید اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کر دیے تھے تاکہ تمام مسائل کا مل کرمقابلہ کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے مسائل کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے وہ تعلیمات بھلا دی ہیں جن کی نشاندہی بابائے قوم نے کیں تھیں۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے، ان پر قابو پانے کاواحد راستہ قانون اور آئین پر عمل درآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔