کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہائیڈرنٹس سیل واٹر کارپوریشن کو ڈیجیٹلائز کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ شہری باآسانی کلورین ملا شدہ اور صاف شفاف پانی کے ٹینکرز حاصل کر سکیں، مجھے آج یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ واٹر کارپوریشن پہلی بار ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی کی حقیقی وقت معلومات کے طرف بڑھا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر واٹر کارپوریشن کارساز کا دورہ اور معائنہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد، پی پی رہنما کرم اللہ وقاصی، سکندر بلوچ، ندیم کرمانی، سید سردار شاہ سمیت واٹر کارپوریشن کے دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دورے کے دوران میئر کراچی کو ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کے متعلق سی ای او واٹر کارپوریشن نے تفصیلی بریفننگ بھی دی، اس موقع پر میئر کراچی نے سی ای او واٹر کارپوریشن کی جانب سے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کے قیام کے سلسلے میں ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ واٹر ٹینکرز سروس کا مقصد خسارے میں رہنے والے عام شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا سافٹ ویئر کے ذریعے عوام کو ای سلپ موصول ہوگی جس میں ٹینکر کی تمام معلومات میسر ہوگی، انکا کہنا تھا 550 ٹینکرز میں ٹریکر سسٹم اور ٹینکرز کی ونڈ اسکرین پر کیو آر کوڈ نصب کیے گئے ہیں، کیو آر کوڈ سے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پتا چل سکے گا کہ یہ ٹینکر کون سے ہائیڈرنٹ سے رجسٹرڈ ہے اور اس کے سرکاری نرخ کیا ہے جبکہ کیو آر کوڈ سے غیر قانونی ٹینکرز کا باآسانی پتا چلے گا جس سے پانی کی چوری پر قابو پایا جا سکے گا جو ہمارا بنیادی اور اصل مقصد ہے۔