کراچی(نمائندہ خصوصی) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ سعودی عرب کی طرح کرپشن سے لوٹا گیا مال برآمد کیا جائے اور مال واپس نہ ملنے تک رہائی ناممکن ہو۔ اس سلسلے میں نیب‘ عدلیہ اور دیگر ادارے بھی فعال کردار ادا کریں تو یقینی طور پر پاکستان کے اچھے دن شروع ہوجائیں گے اور معیشت تیزی سے سنبھلنے کے ساتھ ساتھ عوام کو فوری ریلیف ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ سلمان نے اپنی فیملی کے افراد کو بھی ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بند کرکے لوٹی گئی دولت کی واپسی تک رہائی ناممکن بنائی جس سے سعودی عرب کو تمام لوٹی گئی دولت چند ماہ میں واپس ملی اور آج عالمی اداروں کی رپورٹ ہے کہ سعودی عرب کی معیشت دنیا بھر میں تیز ترین ترقی کرنے والی معیشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام اور سخت سزاؤں کا تعین پارلیمنٹ کی ذمہ داری تھی اور کرپشن پر سزائے موت کا قانون نہ بناکر ملک و عوام سے غداری کی گئی۔ پاکستان میں لوٹ مار کرنے والوں کو منوڑہ جیسے جزیرے میں بند کریں اور سرعام چوکوں پر لٹکایا جانا چاہئے۔ جب تک پاکستان میں کرپشن و لوٹ مار کرنے والوں کے ساتھ یہ سلوک نہیں کیا جائے گا اس وقت تک پاکستان کی معیشت ترقی نہیں کرسکتی اور عوام کے حالات مزید خراب تر ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر نظام کی تبدیلی بہت ضروری ہے۔ نظام کی تبدیلی کے اثرات سے ملک کی ترقی کا موازنہ کیا جائے تو ہمیشہ جمہوری ادوار میں معیشت زبوں حالی کا شکار رہی‘ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا‘ ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھا‘ بڑے قومی ادارے پی آئی اے‘ اسٹیل ملز‘ پی ایس او اور ریلوے ہمیشہ خسارے میں رہے جبکہ فوجی حکومتوں کے آتے ہی معیشت بہتر ہوجاتی ہے‘ ڈالر مستحکم رہتا ہے‘ ملک پر قرضوں کے بوجھ میں کمی واقع ہوتی ہے‘ بڑے قومی ادارے اربوں روپے منافع میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ جب تک کرپشن و لوٹ مار کی دولت واپس نہیں مل جاتی اور نظام تبدیل نہیں کرلیا جاتا‘ اس وقت تک انتخابات منعقد نہ کرائے جائیں اور لوٹ مار کی دولت کی وصولی کے لئے سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے۔انہوں نے اسٹیٹ بینک سے بھی مطالبہ کیا کہ قیام پاکستان سے اب تک قرضے معاف کرانیوالوں کی فہرستیں شائع کی جائیں اور ان سے تمام رقم ہر صورت وصول کی جائے۔