کراچی(کامرس رپورٹر ) پاکستان بزنس گروپ کی جانب سے بجٹ 23-2022 کے حوالے سے تقریب آج(جمعہ)ہوگی جس کا موضوع آنے والے کل اور بہتر مستقبل کے حوالے سے تاجر رہنما اور معاشی ماہرین بحث کے بعد تجاویز پیش کریں گے ۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ ہونگے جبکہ ملکی معیشت پر گہری نظر رکھنے ماہر اشفاق تولہ بھی شرکت کریں گے اس موقع پر ٹیکسٹائیل، آئی ٹی ایکسپورٹ ،تعمیرات ،رئیل اسٹیٹ ،انجینئرنگ ،شپنگ ،مالیاتی اداروں کے ماہرین بحث میں حصہ لیں گے اور اپنی تجاویز پیش کریں گے ۔اس حوالے سے پاکستان بزنس گروپ کے سربراہ فراز الرحمن نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہےجس میں معروف کاروباری شخصیات ملکی پیداوار میں اضافے اور معاشی ترقی کے لئے اپنی تجاویز پیش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس گروپ کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ وہ ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے اپنا بھرپور کردار پیش کرے تاکہ معاشی حالات میں زیادہ سے زیادہ بہتری لائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے کاروباری افراد نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے اور یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔