کراچی (نمائندہ خصوصی) ورچوئل یونیورسٹی کراچی پریس کلب کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کے لئے آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کرے تاکہ صحافیوں کے بچے جو کسی بھی وجہ سے کالج یا یونیورسٹی نہیں جا سکتے وہ گھر بیٹھے ورچوئل یونیورسٹی سے آن لائن تعلیمی سلسلہ جاری رکھیں،تعلیم حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ فروغ تعلیم کی مہم میں اپنا کردار ادا کریں گے، ان خیالا ت کا اظہار سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کراچی پریس پر موجود ورچوئل یونیورسٹی کی موبائل سائنس لیبارٹری لیب آن وہیلز کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن فاروق سمیع اور سیکریٹری ہیلتھ کمیٹی طفیل احمد، ریجنل کیمپس مینجر ایاز شیخ،اسٹنٹ پروفیسر مس حنا جبیں ،اسٹنٹ پروفیسر مس نگہت سید اور ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس انچارجز بھی موجود تھے، صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ورچوئل یونیورسٹی کے ریجنل مینجر کراچی بلوچستان ایاز شیخ
نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی نے سائنس کے طلبہ کی سہولت کے لئے بس میں بنائی گئی موبائل سائنس لیبارٹری لیب پاکستان کے دور دراز علاقوں سے سفر کرکے کراچی پہنچی ہے اب ہم موبائل سائنس لیبارٹری وین کو بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں طلبہ کو پریکٹیکل کی سہولت فراہم کریں گے، سیکریٹری کراچی پریس شعیب احمد نے ورچوئل یونیورسٹی کی جانب سے دور دراز علاقوں میں بچوں کی تعلیم کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے کے مشن کو سراہا، انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب تعلیم کے فروغ اور خصوصا صحافی برادری کے بچوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں، ورچوئل یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس مینجر کراچی بلوچستان ایاز شیخ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی پریس کلب کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے ہماری اس کاوش کو سراہا جلد صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے لئے بھی اعلی تعلیم کی فراہمی میں آسانیاں فراہم کرنے کے لئے خصوصی پروگرام شروع کئے جائیں گے ان کا کہناتھاکہ یہ اپنے نوعیت کی پاکستان بھر میں پہلی موبائل لیبارٹری ہے جوورچوئل یونیورسٹی کے طلبہ کو اُن کے شہروں اور دوردراز علاقوں میں پریکٹیکل سیشنز کے لیے دستیاب ہوگی جہاں ورچوئل یونیورسٹی کے طلبہ لیب کی سہولت میسر نہیں ہے،ورچوئل یونیورسٹی کے سائنس وٹیکنالوجی شعبہ کے طلبہ اب اس موبائل لیبارٹری کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں کے طلباء بھی پریکٹیکل سیشن با آسانی سرانجام دے سکیں گے۔ہم نے اس لیب کا سفر سکھر سے شروع کیا ہے اور اب ہم یہ لیب بلوچستان کے شہروں کوئٹہ ،تربت سمیت مضافاتی علاقوں میں لیکر جائیں گے۔ورچوئل یونیورسٹی کی جانب سے موبائل لیب کے دورے کے بعد سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد کو شیلڈ پیش کی گئی جبکہ سیکریٹری کراچی پریس کلب اور اراکین مجلس عاملہ نے اساتذہ کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔