لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو (نیب) کی کک بیکس کی تحقیقات میں سابق وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی پر الزامات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔نیب رپورٹ کے مطابق محمد خان بھٹی نے شریک ملزمان کے ساتھ مل کر غیر قانونی اسکیمیں منظور کرائیں اور کک بیکس کے لئے من پسند کنٹریکٹرز کو ٹھیکے دلوائے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق محمد خان بھٹی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے ہیں، انہوں نے شریک ملزمان سے مل کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔نیب رپورٹ کے مطابق محمد خان بھٹی نے من پسند افسران کو گجرات میں تعینات کرا کر فوائد حاصل کئے تھے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم نے 116 پراجیکٹس کی مد میں ایک ارب روپے سے زائد کی خرد برد کی اور پھر کرپشن کی رقم پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کے ذات بینک اکاونٹس میں منتقل کی گئی۔