کراچی (کامرس رپورٹر) اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر27روپے سستا ہو گیا جبکہ یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں بھی35سے45روپے تک کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق کئی مہینوں کے بعد گذشتہ ہفتہ کرنسی مارکیٹ میں غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں2.50روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر306روپے سے گھٹ کر 303.50روپے پر آگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 27روپے کم ہو گئی اور ڈالر کی قدر329روپے سے کم ہو کر302روپے کی پست سطح پر آ گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں35.50روپے کی کمی دیکھنے میں آئی جس سے یورو کی قدر356.50روپے سے گھٹ کر321روپے ہو گئی اسی طرح43روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر418روپے سے کم ہو کر 375روپے پر آ گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر2روپے سستا ہوا جبکہ یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں ہفتے کے دن بالترتیب 3روپے اور2روپے کی کمی واقع ہوئی۔