کراچی (کامرس رپورٹر) ملکی معیشت کا سدھارنے کیلئے آرمی چیف کی تاجروں سے ملاقات،ملک میںسیاسی و معاشی استحکام کی نوید اور الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ جلد دینے کی خبروں اورحکومت کی جانب سے ڈالر کی اسمگلنگ اور دیگر غیرقانونی اقدامات کے سخت اقدامات کے اعلان پر گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا،کے ایس ای100انڈیکس700پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ ایک بار پھر46ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں70ارب روپے سے زاید کاا ضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68کھر ب روپے سے تجاوز کر گیا اور50.06فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے3دن تیزی رہی اس دوران انڈیکس 967.11پوائنٹس بڑھ گیا تاہم2 روزہ مندی سے انڈیکس 226.28پوائنٹس لوز کر گیا مگر مجموعی طور پر مارکیٹ مثبت زون ہی میں رہی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران کے ایس ای100انڈیکس میں700.83پوائنٹس کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 45312.66پوائنٹس سے بڑھ کر46013.49پوائنٹس ہو گیا اسی طرح157.96پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 16087.73پوائنٹس سے بڑھ کر16245.69پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آ ل شیئرز انڈیکس 30243.53پوائنٹس سے بڑھ کر30697.96پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ کے سرمائے میں 70ارب 64کروڑ93لاکھ66ہزار817روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب62ارب 29کروڑ34لاکھ44ہزار323روپے سے بڑھ کر68کھرب32ارب94کروڑ28لاکھ11ہزار140روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری تیزی کی وجہ سے ایک موقع پر انڈیکس 46077.39پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 45417.00پوائنٹس کی پست سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 7ارب روپے مالیت کے 17کروڑ70لاکھ62ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم3ارب روپے مالیت کے 12کروڑ32لاکھ39ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1552کمپنیوں کا کاروبار ہواجس میں سے777کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،648میں کمی اور127کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔