کراچی (نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان اہم مشترکہ بحری مشق نسیم البحر-14 اور ڈیرہ الساحل کا الجبیل،سعودی عرب میں آغاز ہوا۔ مشقوں کا مقصد مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور دونوں بحری افواج اور اسپیشل آپریشنز فورسز کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ بحری مشقوں میں روایتی اور غیر روایتی جنگوں میں بحری آپریشنز کی مختلف مشقیں شامل ہیں۔مشقوں میں شرکت کے لیے پاک بحریہ کے جہازوں سیف, ہمت, دہشت اور محافظ پر مشتمل بحری بیڑا سعوی عرب کی بندرگاہ الجبیل پہنچا. بندرگاہ پہنچنے پر رائل سعودی نیول فورسز کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے سفارتی عملے نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔مشقوں میں بحری جہازوں کے علاوہ دونوں بحری افواج کی اسپیشل آپریشنز فورسز اور میرینز، ہیلی کاپٹر اور رائل سعودی ایئر فورس کے طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ مشق کے بندرگاہ مرحلے کے دوران دونوں بحری افواج نے مختلف پیشہ ورانہ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور مشقوں کے لیے حتمی تیاریوں کو انجام دیا۔ دیگر سرگرمیوں میں ورکشاپس، سیمینارز، مباحثے، سیمولیٹر ٹریننگ، دوطرفہ دورے اور سمندر میں مشقوں کے انعقاد سے قبل کوآرڈینیشن میٹنگز شامل تھیں۔تین دہائیوں سے جاری مشق نسیم البحر ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے جو پاک سعودی اسٹریٹجک تعلقات اور بحری شعبے میں تعاون بڑھانے اور سمندری چیلنجز سے نمٹنے کے باہمی عزم کا مظہر ہے۔