کراچی (اسٹاف رپورٹر) افواہ ساز فیکٹریاں میرے کیریئر کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں کامیابی نصیب نہیں ہوگی یہ بات فلم اسٹار میرا نے کراچی پریس کلب میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے پروگرام ”روبرو“ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، عبدالوسیع قریشی اور کراچی پریس کلب کے ممبر گورننگ باڈی اطہر حسین بھی موجود تھے۔ میرا نے کہا کہ فلم ”باغی“ کے بعد مجھے بہت سی فلموں اور کمرشل سے محروم کردیا گیا۔
میں لاہور میں ہوتی ہوں تو یہ افواہ پھیلادی جاتی ہے کہ میں امریکہ میں ہوں۔ میرا نے کہا کہ میری عمر کے حوالے سے بھی افواہوں کا بازار گرم رہتا ہے۔ صباقمر، مہوش حیات، ماہرہ خان اور پریانکا چوپڑا وغیرہ ہم سب ایک ہی عمر کے ہیں، لیکن میں چونکہ انڈسٹری میں پہلے آگئی تھی اور چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے کام کیا تھا اس لیے سینئر ہوں میری عمر کے حوالے سے جو من گھڑت اور جھوٹی باتیں پھیلائی جاتی ہیں ان کو ختم ہونا چاہیے، میرا نے کہا کہ میں ٹیلی ویژن کے لیے دو بڑے اہم پروجیکٹس کیلئے کام کررہی ہوں ایک کی ڈائریکٹر سنگیتا بیگم دوسرا سیما طاہر کا پروجیکٹ ہے
جس میں میں اپنی زندگی کا سب سے اہم کام کرنے کاجارہی ہوں، میرا نے کہا کہ یہ میڈیا نے ہمیشہ میرا بہت ساتھ دیا ہے خاص طور پر کراچی کے صحافی حضرات کا ہمیشہ میرے ساتھ رویہ مثبت رہا ہے۔ میرا نے اس موقع پر اپنے چھوٹے بھائی حسین عباس کو متعارف کرایا اور بتایا کہ وہ بھی ٹیلی ویژن پر کام کررہے ہیں ۔