راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ) کور کمانڈر کونفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیلیے کوئی جگہ نہیں ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ارمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 259ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں ملک کی موجودہ صورت حال بالخصوص سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈا کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا اور انشائ اللہ ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔اعلامیے کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں شرکا نے 6 ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا ءکوبھرپور طریقے سے منانے پر پاک فوج نے اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا کیا۔کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔کانفرنس کے شرکا نے عزم کا اعادہ کیا کہ ”ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اس کی مکمل حمایت کی جائے گی، ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیر ملکی سر مایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی“۔اعلامیے کے مطابق ”آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا اور فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔“کانفرنس کے شرکاءنے ہر قسم کے بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔کانفرنس کے شرکاءنے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہدائ جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاشرکا نے کہا کہ ریاست پاکستان،مسلح افواج کے شہدائاور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شہدائ کے ایصال وثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔