لاہور (نمائندہ خصوصی) حکومت نے ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی سر گرمیوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن شروع کردیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈالر کی سمگلنگ میں سہولت کار سرکاری افسران اور سرپرستوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ چھان بین کے بعد ایسے تمام عناصر کی لسٹیں مرتب کر لی گئی ہیں جن کے خلاف طویل کریک ڈاﺅن کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجناس اور کرنسی کے کاروبار کے حوالے سے اہم پالیسی اصلاحات جاری ہیں، زمینی، سمندری اور ہوائی اڈوں پر نگرانی کے نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس کے تحت اجناس اور کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اس حوالے سے بڑے پیمانے پر پالیسیاں مرتب کی لی ہیں جن پر جلد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔