لاہور (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر ہاﺅس لاہور میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے خصوصی ملاقات کی جس میںان سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے لاہور چیمبر کے صدر کی ملاقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ لاہور چیمبر سے بات کرنا چاہتے تھے کیونکہ گذشتہ دنوں صدر لاہور چیمبر کی بھی چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات ہوئی اور خوشی ہے کہ افواج پاکستان بھی معیشت کی بحالی میں کردار ادا کررہی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ لاہور چیمبر کے صدر کی چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات میں خلیج سے انویسٹمنٹ، سیاسی مسائل اور معاشی معاملات پر ایک مکالمے کی طرح گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف سے آپ کی ملاقات امید کی کرن ہے۔ کاشف انور نے ڈاکٹر عارف علوی کو آگاہ کیا کہ چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات مثبت اور تعمیری تھی۔ اس ملاقات میں روپے کی گرتی قدر، مہنگائی ،ٹیکسز ، سمگلنگ ، توانائی، بین الاقوامی تعلقات، فارن انویسٹمنٹ، چارٹر آف اکانومی سمیت دیگر ایشوز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم محنت کش لوگ ہیں ، ہمیں سب سے پہلے اپنے ماضی کی طرف دیکھنا ہوگا،پاکستان پر کوئی آسمانی آفت نازل نہیں ہوئی بلکہ جن بھی مسائل کا ہم شکار ہیں وہ ہمارے اپنے فیصلوں کی وجہ سے ہیں، آسمانی آفت سے زیادہ خطرناک ہمارے فیصلے ہوتے ہیں جنہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں خاتون اول ثمینہ علوی، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین راجا حسن اختر، شمیم اختر، فریحہ یونس ،وسیم یوسف شامل تھے،ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز عمر داد آفریدی اور لاہور چیمبر کے سیکریٹری جنرل شاہد خلیل بھی موجود تھے۔