لاہور (نمائندہ خصوصی) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پرمادر وطن پر جانیں نچھاور کرنیوالے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لئے ایک ہونے اور چھ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے ، اسی سے پاکستان کے دفاع، ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔سابق وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ جنگ ستمبرعوام اور فوج کے دفاع وطن کیلئے ایک جان ہوکرلڑنےکی سنہری تاریخ کا یادگاردن ہے، یہ وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر دلیر عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی۔ پاک فضائیہ، بحریہ، بری افواج نے بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ قوم شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جانیں قربان کرکے ارض پاک کی سلامتی کو یقینی بنایا ، جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی۔شہباز شریف نے شہدائے پاکستان کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے، آمین۔دریں اثنا مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے یومِ دفاع پر شہدا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 تاریخی اور یادگار دن ہے۔مریم نواز نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری فوج نے بہادری کے وہ کارنامے دکھائے جس نے دشمن کو عبرت کی مثال بنایا، افواج اور عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں، اس اتحاد پر ضرب لگانا، پاکستان کے دشمنوں کا اصل منصوبہ ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ دشمن کی اس رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش، حسرت ناتمام ہی رہے گی، شہدا کے تقدس اور احترام پر قوم نے کبھی سمجھوتہ کیا نہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہدا کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے، 9 مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہیں جسے قوم برداشت نہیں کرے گی، مضبوط افواج، امن اور معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام اور افواج پاکستان کے مضبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے، دشمن کی منفی سوچ سے اپنے نوجوانوں کے ذہنوں کو بچائیں گے۔ادھرلیگی رہنما و سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، آج بھی جوان وطن عزیز کی مٹی کی حفاظت کیلئےقربانیاں پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اندرونی و بیرونی دشمنوں سے کوئی خطرہ ہے تو پاکستان کے عوام متحد ہوکر دشمنوں کا مقابلہ کریں گے، ہم نے ہمیشہ دشمنوں کا مقابلہ کیا ہے، ہمارے بیٹوں ،بھائیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی حفاظت کی۔