کراچی(کامرس رپورٹر) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی جانب سے منگل کو کراچی اور سندھ کی تاجر برادری اور معاشی ماہرین کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نگران وزیراعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان اور ایس آئی ایف سی کے ڈائریکٹر جنرل پر مشتمل اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے منصوبوں کی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کو ممکنہ سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں بشمول زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور توانائی کے شعبوں سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ان تمام پہلووں کو اجاگر کیا گیا جو کاروباری برادری کے لیے سرمایہ کاری کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔سرمایہ کاروں کو یہ موقع بھی فراہم کیا گیا کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے بارے میں اپنے خیالات اور تجاویز پیش کریں۔ سرمایہ کاروں کو یقین دلایا گیا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے گا۔اجلاس میں پاکستان بھر سے سرمایہ کاروں اور معاشی ماہرین نے شرکت کی جنہوں نے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے وضع کی گئی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرمایہ کاروں کو سنگل ونڈو کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حال ہی میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا قیام عمل میں آیا ہے جس کا سرمایہ کاروں نے پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔