اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اپنی بہادر مسلح افواج کو شاندار جرات و بہادری پر خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے 6 ستمبر کو یو م دفاع کے طور پر ملک بھر میں جوش وجذبے سے منایا جاتا ہے ۔ اس دن ہمارے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے لازوال قربانیاں پیش کیں تھیں۔ یہ دن ہمیں تاریخ کے اُن فیصلہ کُن لمحات کی یاد دلاتا ہے جب جذبہ محب الوطنی سے سرشار پوری قوم نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ایک سیسہ پلائی دیوار بن گئی اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ آج کے دن ہم ان شہداءاور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہماری تاریخ میں اپنی بہادری ، ہمت اور قربانی سے سنہرے حروف میں ایک نیا باب رقم کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہماری آزادی کا عزت و وقار کے ساتھ دفاع کیا۔ ہمیں اس بات کو بھی یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کو پیچیدہ اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے۔ اکیسوی صدی کی جنگ کے خدوخال تبدیل ہو کر ففتھ جنریشن وار فیئر کی شکل اختیار کر چکے ہیں جو کہ عام جنگ سے بہت مختلف ہے اور نئی اقسام کے خطرات کو سامنے لائی ہے۔ پاکستان کے دشمن ہمارے لئے اندرونی محاذ کھول کر ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں جہاں مذہبی انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور قوم پرستی کی قوتیں نہ صرف ہماری ترقی کی راہ میں حائل ہیں بلکہ ہماری نظریاتی اساس اور قومی بقاکے لئے خطرہ ہیں ۔ ہمیں اپنے آباﺅ اجدادکی اُس سوچ کو اپنانے کی ضرورت ہے جس میں انہوں ایک ایسے معاشرتی و سیاسی نظام اور ترقی پسند اسلامی مملکت کا خواب دیکھا تھا جہاں لوگ ذات، نسل اور مذہب کے فرق سے بالاتر ہو کر آپس میں مل جل کر رہیں۔