اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیر قانون و سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک عدالتیں میں آزاد ہیں، ملک میں تمام کام آئین اور قانون کے مطابق ہورہے ہیں،ہم تسلیم کرتے ہیں عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا ملٹری ٹرائل کرنے کا قانون حق دیتا ہے،بعض اوقات عدالتیں آئین اور قانون سے تجاوز کر کے فیصلہ کرتی ہیں ۔سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں پر کام ہورہا ہے وہ ضروری ہے۔ جنوری یا فروری میں الیکشن ہوجائیں گے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی پر ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آسکتا ہے۔ دوسری جانب لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک میں ن لیگ کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوامی غصےکا سامنا ہے، ایسے میں لیگی قیادت کی لندن میں موجودگی سے نہ صرف پارٹی میں بے چینی بڑھ رہی ہے، بلکہ مہنگائی کی وجہ سے پارٹی قیادت کو ملک میں شدید عوامی غصے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف بھلے اکتوبر میں آجائیں، شہباز شریف اور اسحاق ڈار کو فوری واپس آجانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال ہم سے اس طرح نہیں سنبھلی جس طرح ہم توقع کر رہے تھے، اسحاق ڈار واپس آئے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بڑی تباہی سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہمارے حلقوں میں اور عوام میں بے چینی ہے، مریم نواز عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود ن لیگ کی قیادت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوامی غصےکا سامنا ہے، ایسے میں شہباز شریف اور نواز شریف کی لندن میں موجودگی سے خود ن لیگ میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔