اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیرتوانائی محمد علی نے کہا ہے کہ جب تک پیٹرول اور ڈالر کی قیمت میں کمی نہیں ہوتی بجلی سستی ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی کا کہنا تھاکہ 60 فیصد بلنگ ریکوری نہیں ہوتی، اس پر کام کر رہے ہیں، پی آئی اے، اسٹیل ملزبند نہیں کرسکتے، لاکھوں لوگوں کا روزگار ہے، ہم آہستہ آہستہ چیزوں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پیٹرول کی قیمتیں نیچے اور ڈالر کا ریٹ کنٹرول میں نہیں آتا ہے اس سے پہلے بجلی کی قیمت میں کمی مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ 2020 سے قبل فرنس آئل سے فائدہ نہیں تھا آج ہو رہا ہے، 5 ڈسکوز میں جہاں بجلی چوری ہے وہاں کریک ڈاون کریں گے۔ نگران وزیر توانائی کا کہنا تھاکہ آج کے پاور سیکٹر کے اجلاس کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں کمی نہیں تھا، آج کے اجلاس میں توصرف نگران وزیراعظم کو پاورسیکٹر کے حوالے سے بریفنگ دی جانی تھی۔