کراچی (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے لیکن یہاں سے کوڑا نہیں اٹھتا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کی ہدایت پر کراچی آئے ہیں، ہمارا کراچی آنے کا مقصد پارٹی کو ری آرگنائز کرنا ہے، ہم یوتھ ونگ کو مضبوط کرنے آئے ہیں، حنا بٹ بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے، کراچی سمیت سندھ بھر کے حلقوں میں الیکشن لڑیں گے، لوگ ووٹ اچھی کارکردگی والوں کو دیں، گانے بجانے اور نعرے لگانے والوں کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر کو موٹروے ہم نے دی، کے فور منصوبہ اور امن دیا، نیت ہو تو کام ہوتا ہے، سیاسی طور پر اس شہر سے کچھ نہیں لیا بلکہ دیا۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ لاہور آ کر دیکھیں وہاں سڑکیں دھوئی جاتی ہیں، کراچی والوں سے کہوں گا کہ ووٹ اس کو دیں جس نے کام کیا ہے، کراچی کو لاہور پلس بنائیں گے، پنجاب میں وہ کارپٹ سڑکیں ہیں جو کراچی میں نہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ایک نالائق ترین وزیراعلیٰ ہم پر مسلط کیا گیا جو ہماری طرح کام نہ کرسکا، ہمارے پاس پنجاب میں امیدوار مکمل ہیں، کسی سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی، سندھ میں بھی اسی طرح الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ن لیگ کے نہیں بلکہ پاکستان کے وزیراعظم بنے اور کام کیا، پنجاب میں ہمارا کسی سے مقابلہ نہیں ہے، ایک پارٹی سے مقابلہ تھا وہ 9 مئی کے کرتوتوں کا جواب دے رہی ہے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ جن لوگوں نے کور کمانڈر ہاوس نہیں چھوڑا وہ پولنگ اسٹیشن کو کیسے چھوڑیں گے، وہ لیڈر پاکستان دشمنوں سے فنڈ اور مدد لیتا رہا ہے، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ اور سائفر کا جواب تو دیں۔