اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی برآمد کرنے کی اجازت نوید قمر کی وزارتِ تجارت نے دی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے چینی برآمد کرنے کی ذمہ داری سابق وزیرِ تجارت نوید قمر پر ڈال دی اور کہا کہ سابق حکومت اتحادی حکومت تھی اس لیے معاملے کی ساری ذمہ داری مسلم لیگ ن نہیں اٹھا سکتی۔احسن اقبال نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسمگلنگ،کارٹلائزیشن اور مافیا کو توڑنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں چینی کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچی،مختلف شہروں میں چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو ہو گئی۔ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 18 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں،کوئٹہ میں چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔