اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کو کسی بھی کیس میں گرفتار کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایمان مزاری کی حفاظتی ضمانت اور مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے موقف اپنایا کہ صوبائی حکومتوں کو ایمان مزاری کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے فیکس اور وٹس ایپ کردیا ہے۔ ایمان مزاری کو ریاست مخالف بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ کیس نمٹا رہے ہیں، اگر کوئی ایف آئی آر ہوئی تو آپ عدالت کو آگاہ کریں گے۔ عدالت نے ایمان مزاری کی درخواست ہدایات کیساتھ نمٹا دی۔