اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سائفر کیس میں خصوصی عدالت کے جج کی رخصت کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی ہوگئی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی رخصت کے باعث سماعت نہ ہو سکی،۔ عدالت نے فریقین سے دلائل طلب کررکھے تھے تاہم عدالتی عملے کے مطابق جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین جمعہ تک رخصت پر ہیں۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج راجا جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی، جس میں بابر اعوان، سلمان صفدر، شعیب شاہین پیش ہوئے۔ بابر اعوان نے کہا کہ آپ ڈیوٹی جج ہیں ،ہماری استدعا ہے کہ ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست سن لیں، جس پر جج راجا جواد حسن عباس نے کہا کہ میں ڈیوٹی جج نہیں ہوں، آپ بات کر لیں پھر میں بتاتا ہوں۔ڈیوٹی جج راجا جواد عباس حسن نے کہا کہ یہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا کیس ہے اور میرے پاس اس عدالت کا اختیار نہیں ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ میں سنوں تو اس کے لیے آپ کو ہائی کورٹ سے آرڈر لینا ہو گا۔ 24 عدالتیں ہیں جن کا میرے پاس اختیار ہے ان 24 عدالتوں میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت شامل نہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ قانون کے مطابق جج چھٹی پر نہیں ہوتا۔ آپ آرڈر کر دیں ہم اس کے مطابق عمل کریں گے۔ جج نے کہا کہ آپ اگر میرے پاس ضمانت کی درخواست دائر کرنا چاہتے ہیں تو بے شک کریں۔ بابر اعوان نے جواب دیا کہ ہم مشاورت کرکے عدالت کے سامنے درخواست دائر کریں گے۔