کراچی(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ایک قبضہ کرنے والا ادارہ ہے، ہم دنیا کو بتائیں گے کے الیکٹرک مافیا سب سے بڑی مافیا ہے،ہمارے پاس ٹرین مارچ اور اسلام آباد میں دھرنے کا بھی آپشن ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم چاروں گورنر ہاوس پر دھرنا دیں گے، ہمارے پاس لانگ مارچ، ٹرین مارچ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کا آپشن بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو بتائیں گے کے الیکٹرک مافیا سب سے بڑی مافیا ہے، وائٹ کالرز کرمنلز کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں، لہذا کے الیکٹرک کے لائسنس کو منسوخ کرنے کی تحریک آگے بڑھائیں گے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگ خود سے احتجاج کرتے ہیں تو انارکی پھیلتی ہے، سوشل میڈیا پر دیکھیں وزرا نکلتے ہیں تو لوگ ان کا کیا حال کرتے ہیں، لوگ خود سے احتجاج کرتے ہیں تو انارکی پھیلتی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پچھلی حکومت کے آدھے وزرا دبئی، لندن، امریکہ بیٹھے ہیں اور یہی لوگ پھر واپس آکر پاکستان پر مسلط ہوتے ہیں۔