راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) پاکستان اور سعودی عرب کی دو ہفتے جاری رہنے والی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ فوجی مشق ختم ہو گئی ہے۔دونوں ملکوں کی فورسز کی یہ مشق پاکستان کے شمال مغربی پہاڑی علاقے چراٹ میں دو ہفتے تک جاری رہی۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشترکہ مشق ’البطار ون‘ کا آغاز 22 اگست کو ہوا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کی سپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا۔
اس مشق کے مقاصد میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے ’مشترکہ حکمت عملی کے تصور‘ کا فروغ اور مستقبل میں فوجی تعاون کے لئے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا شامل تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق: ’دونوں ممالک کی سپیشل فورسز کے ساتھ لڑاکا ایوی ایشن نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔‘پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے سینیئر فوجی قیادت کے ساتھ فوجی مشق کے آخری دن کی سرگرمیاں دیکھیں۔ مشق کا اختتام فلائی پاسٹ کے ساتھ ہوا۔