کراچی(بیورو رپورٹ)ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون بارشیں جاری ہیں،جس سے پانی کی صورتحال بہتر ہونے لگی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے۔چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 154642 کیوسک ہو گئی۔چشمہ بیراج ذرائع نے بتایا کہ ایک دن میں 20 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دریا میں پانی کا لیول 639 اعشاریہ 30 فٹ ہو گیا۔ذرائع کے مطابق چشمہ بیراج سے ملحقہ تمام جھیلیں پانی سے بھر گئیں اور بیراج کے 52 میں سے 50 سپل ویز کھل گئے۔
دوسری جانب حالیہ مون سون کی بارشوں سے دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہونی لگی۔کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج کے مقام پانی کی آمد 71819 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پانی کا اخراج 61683 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔گزشتہ ایک ہفتہ میں پانی کی سطح میں 16 ہزار کیوسک سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، 24 گھنٹے کے دوران پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔کنٹرول روم کے مطابق اب بھی گڈو بیراج کے مقام پر پانی کا شارٹ فال 40 پرسنٹ برقرار ہے۔
دوسری جانب تربیلا منگلا اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 76 ہزار ایکٹر فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ بارشوں سے قبل پانی کا ذخیرہ صرف 77 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا تھا۔ارسا حکام کے مطابق تینوں بڑے ذخائر میں پانی کے ذخیرہ میں 1 لاکھ ایکٹر فٹ پانی کا اضافہ ہوا ہے۔ تربیلا میں 28 ہزار ایکڑ فٹ، منگلا میں 1 لاکھ 34 ہزار اور چشمہ میں 14 ہزار ایکٹر فٹ ہے۔حکام کے مطابق بارشوں کے موجودہ اسپیل سے پانی بحران میں مزید بہتری کی امید ہے۔ صوبوں کیلئے پانی بحران میں بتدریج بہتری کا امکان ہے۔واضح رہے کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں پانی کی فراہمی بہتر ہوگئی ہے۔