کراچی( کرائم رپورٹر)کراچی میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کے احکامات کو یقینی بنانے کے لئے بلدیہ عظمی کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں جس دوران پلاسٹک تھیلیوں کی بڑی تعداد ضبط کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے کراچی میں بارش کے دوران آب و نکاسی کے بہتر اقدامات کی صورت میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔مرتضی وہاب کے ان احکامات کو یقینی بنانے کے لئے سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی اینکروچمنٹ بشیر صدیقی کا ضلع جنوبی کی مختلف مارکیٹوں میں پلاسٹک تھیلیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔اس دوران
مختلف دکانوں سے ہزاروں کی تعداد میں پلاسٹک کی تھیلیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے اور ساتھ ہی انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔مارکیٹ کے دکانداروں کو سیئنر ڈائریکٹر نے انتباہ بھی کیا کہ اب اگر ان کی دوکانوں میں شاپنگ بیگ پائے گے تو دوکانوں کو سیل بھی کیا جائے گا اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں سال غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی کے بعد کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے تاکہ بارشوں کے دوران صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے۔اس حوالے سے تمام تر اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ آب و نکاسی کے عمل میں سب سے زیادہ پلاسٹک کے بیگ ہی رکاوٹ بنتے لہذا فی الفور طور پر ان کے استعمال پر روک تھام کے لئے اقدامات کیے جائیں۔