لاہور ( نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے بجلی بلوں میں اضافہ واپس نہ لینے کے حکومتی فیصلہ کے خلاف گورنرہاوسز کے باہر دھرنوں کا اعلان کیا ہے جبکہ بجلی بلوں، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں ملک گیر پہیہ جام ہوگا۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت جماعت اسلامی آئی پی پیز معاہدوں کی تفصیلات حاصل کرکے انہیں سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور توانائی سیکٹر پر وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے ہفتہ کی ملک گیر کامیاب ہڑتال پر تاجرتنظیموں، علما، وکلا، مزدور یونینز، ٹرانسپورٹرز، دیگر طبقہ ہائے فکر اور پوری قوم کا شکریہ ادا کیا اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی آواز سنے اور سابقہ حکومتوں کے فیصلوں کو آگے نہ بڑھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم آئی ایم ایف کی بجائے عوام کے مفادات کے ترجمان بنیں۔ نگران حکومت الیکشن کروا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کرے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا مہنگائی سے متعلق بیان عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نگران حکومت الیکشن کے علاوہ ہرمسئلہ پر بات کرتی ہے۔