کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی میں امریکی قونصل خانے کے لیے سیکیورٹی رسک قرار دی گئی انٹیلیجنس کالونی کی 7 نجی رہائشی عمارتوں سے تجاوزات منہدم کرنے کا آپریشن جاری ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق مائی کولاچی بائی پاس اور مولوی تمیز الدین خان روڈ پر واقع امریکی قونصل خانے سے متصل انٹیلیجنس کالونی میں 7 ایسی عمارتوں کی نشاندہی ہوئی ہے جو غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ہیں۔اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کی جانب سے امریکن قونصلیٹ کی سیکیورٹی کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔فدا حسین جانوری کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختار ابڑو کی جانب سے ان عمارتوں کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انہدام کا آپریشن گزشتہ ہفتے شروع کیا گیا تھا، تاہم فریقین کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کی گئی جس پر عدالت نے حکمِ امتناع جاری کر دیا تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق گزشتہ روز عدالت نے کارروائی کے بعد حکمِ امتناع ختم کر دیا جس پر منگل کی صبح یہ آپریشن پھر شروع کیا گیا۔اس سلسلے میں ضلع کیماڑی کے مختلف تھانوں کی بھاری نفری اور اینٹی انکروچمنٹ کے اہلکار علاقے میں تعینات ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختار ابڑو کی نگرانی میں جاری آپریشن میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیماڑی فدا حسین جانوری اور دیگر افسران بڑی تعداد میں موجود ہیں۔حکام کے مطابق امریکن قونصل خانے کی 16 فٹ کی دیوار سے 200 فٹ کے اندر 7 رہائشی عمارتوں کی اضافی اور غیر قانونی تعمیرات منہدم کی جا رہی ہیں۔حکام نے بتایا ہے کہ علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم اب تک کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔