اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) تیسرے مقدمے میں ضمانت پر ایمان مزاری کی پھر گرفتاری کے خدشے کے پیشں نظر عدالت نے ایمان مزاری کو کافی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایمان مزاری کی درخواست پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں قرار دیا کہ سیکرٹری داخلہ،آئی جی اور ڈی جی ایف آئی اے ایمان مزاری کو گرفتار نہیں کریں گے۔سیکرٹری داخلہ،ایف آئی اے اور پولیس کسی مقدمے میں معاونت بھی نہیں کریں گے۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ ایمان مزاری کو اسلام آباد کی حدود سے باہر نہ لے جایا جائے،سیکرٹری داخلہ ایمان مزاری کیخلاف پیر تک مقدمات کی تفصیلات فراہم کریں۔ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق درخواست گزار کیخلاف اسلام آباد میں 3 مقدمات درج ہیں،پولیس کے مطابق ایمان مزاری دو مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ درخواست گزار کی والدہ نے تیسرے مقدمے میں ضمانت پر پھر گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا۔