لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پریس کانفرنس نہیں کروں گا ایسے ہی چار ماہ جیل میں نہیں رہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہاکہ جب بھی ن لیگ آئی ہے انہوں نے مہنگائی ہی کی ہے، ملک کا بیڑا غرق کر کے ن لیگ کی قیادت لندن بھاگ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے تو اندر رکھا ہوا تھا پتہ نہیں ملک کا کیا کر رہے ہیں، اب تو آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا ہے الیکشن کروائیں۔ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ پریس کانفرنس کریں گے جس پر پرویز الہی نے کہا ابھی میں پریس کانفرنس نہیں کروں گا، صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ اب بھی تحریک انصاف کیساتھ ہیں جس پر پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ایسے ہی چار ماہ اندر نکالے ہیں؟ میں پی ٹی آئی کیساتھ کھڑا ہوں۔یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی رہائی کا حکم دے دیا ہے، عدالت نے مرکزی صدر پی ٹی آئی کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے بھی روکا ہے۔