اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سائفر گمشدگی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کے وکلاءٹیم کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی درخواستوں پر سماعت کی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلا ٹیم کو ملنے کی اجازت دے دی، سلمان صفدر، علی اعجاز بٹر، نعیم پنجوتھا، انتظار پنجوتھا اور عمیر نیازی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت ،وقار اور سیکورٹی مدنظر ہے۔میں ہر کسی کو اجازت دیتا جاوں ان کی سیکورٹی کو بھی مدنظر رکھنا ہے۔ لہٰذا ہر کسی کو اجازت نہیں دے سکتا جو نام چیئرمین پی ٹی آئی نے دیے وہی ملیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی ملاقات کی اجازت مل گئی۔جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات کی وجہ سے جسمانی ریمانڈ تک نہیں دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی بھی اجازت دی تھی۔