اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کا جسمانی ریمانڈ منظور نہ کرنے کے حوالے سے عدالتی حکم نامہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت میں سائفر کیس سے متعلق کیس کی 2 سماعتیں ہوئیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی اہم ہے۔معلوم نہیں سابق وزیراعظم کو اٹک جیل سے باہر لانے پر کوئی حادثہ پیش آجائے۔عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر معمولی صورت حال کو مد نظررکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ منظور نہیں کیا جاسکتا اسی لیے حاضری سے بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت کے جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی بھی اجازت دے دی تھی۔