سرینگر (نمائندہ خصوصی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران اگست میں 8کشمیریوں کو شہید کیا۔ میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل کیاگیا۔ان شہادتوں کے نتیجے میں 3خواتین بیوہ اور 11بچے یتیم ہوئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فوج ، پولیس ، پیراملٹری فورسز ، ایس آئی اے اور این آئی اے نے گھروں پر چھاپوں اور تلاشی اور محاصرے کی 261کارروائیوں کے دوران 134شہریوں جن میں بیشتر حریت رہنما ، نوجوان ، کارکن اور طلباشامل تھے کو گرفتار کیا۔گرفتار کئے گئے بہت سے کشمیریوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین لاگو کئے گئے۔