اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے آئی ایم ایف کو بجلی کے بھاری بلوں میں کمی کی تجاویز پیش کر دیں۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز سے رابطہ کیا اور بجلی بلوں میں ریلیف پربات چیت کی۔وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو بجلی بلوں میں اضافے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ریلیف کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔آئی ایم ایف نے بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے پاکستان کے موقف پر بریفنگ لی اور پاکستانی حکام سے تحریری پلان مانگا۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک، دو روز میں آئی ایم ایف کو تحریری پلان بھیجے جانے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف نے وزیر خزانہ سے جولائی میں ٹیکس وصولیوں بارے بھی گفتگوکی، اگلے چند دنوں میں ایف بی آر حکام اور آئی ایم ایف کے دوبارہ رابطہ ہو گا۔