اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق اٹارنی جنرل اور مسلم لیگ ن کے وکیل رہنماءاشتر اوصاف نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی برقرار رہے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کا ٹرائل چلے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل یتے ہوئے سابق اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سزا معطل ہوئی ہے، ختم نہیں ہوئی، عمران خان کی نااہلی برقرار رہے گی، چیئرمین پی ٹی آئی کو اب جرمانہ نہیں دینا پڑے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کا ٹرائل چلے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کو باقی کیسز کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔اشتر اوصاف نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ توشہ خانہ کیس میں رہائی کی بات کرتا ہے، 2سال کی سزا ہو تو نا اہلی 5 سال کیلئے رہتی ہے، دیکھنا ہوگا سزا معطلی کے ساتھ نا اہلی ختم ہوگی، اپیل کی شنوائی ابھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونی ہے، تحریری فیصلے کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔سابق اٹارنی جنرل نے کہا کہ اصولی طور پر چھٹیوں میں ایسے کیسز نہیں سنے جاتے لیکن سپریم کورٹ نے آبزرویشن دی جو خود چھٹیوں پر تھی،جبکہ ڈویژن بینچ جمعے کے روز دستیاب نہیں ہوتا پھر بھی اس کیس کو سنا گیا،چیف جسٹس بندیال نے چھٹیوں میں ہی عدالت لگائی پھر آڈر کیے۔