کراچی(نمائندہ خصوصی) نجی گندم لیکر پہلا بحری جہاز روس سے پاکستان کیلیے روانہ ہو گیا۔پاکستان کیلیے نجی گندم کی امپورٹ کا عملی آغاز ہو گیا، روس کی بندرگاہ سے گندم سے لدا بحری جہاز پاکستان کیلیے روانہ ہو چکا ہے جو 8 ستمبر کو کیماڑی بندرگاہ پہنچے گا، دوسرا جہاز 14 ستمبر کو آئیگا، 8 ستمبر کو آنے والے بحری جہاز میں 55 ہزار ٹن گندم لدی ہوئی ہے۔امپورٹرز کے مطابق ابتک 4 لاکھ ٹن گندم خریدی جا چکی اور قوی امید ہے کہ نجی شعبہ 9 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم امپورٹ کریگا جس میں سے زیادہ گندم کراچی میں استعمال ہوگی جہاں فلورملز کو گندم دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی عدم استحکام موجود ہے، گندم سٹہ بازی میں ملوث فلورملز نے نجی امپورٹ کو سبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی جو ناکام رہی ، فلور ملز ، ذخیرہ اندوزوں نے نگران وفاقی شخصیت کے قریبی دوستوں کے ذریعے اثر انداز ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔نگران وفاقی حکومت نے عوام کے غذائی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے دباﺅ اور غلط مشوروں کو مسترد کردیا۔