اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ایم کیو ایم نے عام انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا کام مکمل کرنے کی تجویز دی ہے۔سوموار کے روز ایم کیو ایم کے تین رکنی وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور اپنی تجاویز پیش کیں بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اگلے عام انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو اپنی تجاویز پیش کی ہیں انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن اور ایم کیو ایم ایک پیج پر ہیں اور ایم کیو ایم نے عام انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی تائید کی ہے انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں مکمل کرنا آئینی تقاضہ ہے ہمارا بھی یہ مطالبہ ہے کہ حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے انہوں نے کہا حلقہ بندیوں سے ملک میں قومی یا صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں کمی یا اضافہ نہیں ہوسکتا ہے تاہم صوبے کے اندر اضلاع کی سطح پر نشستوں میں فرق آسکتا یے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی سمیت ایم کیو ایم کے اکثریتی علاقوں کی حلقہ بندیوں میں ردوبدل کرکے ہمارے لاکھوں ووٹ غالب کردیے ہیں حالیہ مردم شماری میں صرف کراچی میں 70لاکھ کی آبادی کا اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم انتخابات میں تاخیر کے حق میں نہیں ہے تاہم انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں کا ضروری عمل مکمل کیا جائے۔