کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں گزشتہ روز ریلی نکالے جانے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنان کے خلاف 6 مقدمات درج کرلیے گئے۔ریلی نکالنے والوں کے خلاف مقدمات تھانہ ڈسٹرکٹ ایسٹ، ملیر سمیت ملیر سٹی، ٹیپو سلطان، برگیڈ، سولجر بازار اور بہادر آباد تھانوں میں سرکار کی مدعیت میں درج کیے گئے۔درج مقدمات میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور انتشار پھیلانے کی دفعات شامل گئی ہیں جب کہ ایف آئی آر میں گرفتار اور مفرور ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمات کے متن کے مطابق بہادر آباد میں 10، برگیڈ میں 15، ٹیپو سلطان میں 17، سولجر بازار میں 7 اور ملیر سٹی میں 8 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف نے کراچی میں ریلی نکالی تھی جس کے بعد پارٹی ترجمان نے دعوی کیا تھا کہ پولیس نے ریلی پر لاٹھی چارج کیا اور شہر کے مختلف علاقوں سے 34 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا۔