اسلام آباد( نمائندہ خصوصی( پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نیب قوانین میں ترامیم پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تنقید مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کے دورحکومت میں کرپشن انڈیکس بلندیوں پر پہنچا، عمران خان نے سیاسی مخالفین کو گرفتارکرانے کیلئے نیب کو استعمال کیا،عمران خان اور شہزاد اکبر ایک روپیہ کی کرپشن ثابت نہیں کرپائے،موجودہ حکومت احتساب پر یقین رکھتی ہے،کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان کو خود یاد نہیں رہتا کہ دو دن پہلے کیا بیان دیا تھا، عمران خان سیاسی حریفوں کو بغیر ثبوت جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں، کرپشن پر لیکچر دینے والوں کے دور میں مافیاز کو فری ہینڈ دیا گیا۔ انہوں ڈنے کہاکہ عمران خان کے دورحکومت میں کرپشن انڈیکس بلندیوں پرپہنچا، عمران خان نیب قوانین میں ترمیم کر کے خود کو اوراپنی کابینہ کو این آراودے کر گئے، عمران خان اور شہزاد اکبر ایک روپیہ کی کرپشن ثابت نہیں کرپائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کو گرفتارکرانے کیلئے نیب کو استعمال کیا۔ انہوں نے کہاک ہعمران خان نے سوشل میڈیا ٹرینڈزبناکراپنی حکومت چلائی۔ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے دورحکومت میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن تھا، ہم محنت سے ملک کو دوبارہ ترقی کی راہوں پر گامزن کررہے ہیں،سابق حکومت شہبازشریف کے خلاف کرپشن کا ایک روپیہ ثابت نہیں کرپائی۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے سی پیک منصوبوں کو تباہ کردیا، عمران خان نے سیاست اور اخلاقیات کا بیڑہ غرق کردیا، عمران خان شرم کی بجائے الزام تراشی میں مصروف ہیں،عمران خان کی ٹیم میں ایک سے بڑھ کر ایک بد زبانی کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت احتساب پر یقین رکھتی ہے،کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نیب قوانین میں عمران خان آرڈیننس کے ذریعے خود ترامیم کرکے گئے، عمران خان کی ناکام سیاست کا باب ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دورمیں تاریخی منظم کرپشن ہوئی، برطانیہ سے ملنے والا 50ارب روپیہ منی لانڈرنگ کرنے والے کو واپس کردیا، عمران خان حکومت پر بڑی تنقید کر رہے ہیں کہ انہوں نے نیب قوانین میں ترامیم کی ہیں، موجودہ حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم خود نہیں کیں یہ انہی کے دور میں کی گئی تھیں لیکن یہ اب خود ان سے روگردانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں کہ حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرکے چوروں کو بچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اگر اپنی تقریریں سن لیتے تو ان کو پتہ ہوتا کہ انہوں نے کہی مرتبہ کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کی جائیں کیونکہ سرمایہ کار ان ترامیم کی وجہ سے پاکستان کا رخ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی یوٹرن کے ورلڈ چیمپئن ہیں اور جھوٹ کے بھی۔ خودساختہ صادق اور امین آج نیب قوانین کی ترامیم پے لوگوں کو لیکچر دے رہے ہیں جس شخص کے دور حکومت میں کرپشن اس نہج پر پہنچی ہے جس میں گندم، چینی، سیمنٹ اور دیگر اشیا مارکیٹ سے غائب اور مافیا سرگرم ہوتا تھا اور انہیں مافیاز کے یہ سرغنہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پر لیکچر دینے والے آج یہ راگ الاپ رہے ہیں کہ ہم نے یہ کیا، ہم نے وہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کو چیلنج دیتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور حکومت میں ہم نے 3200 ارب روپے کے منصوبے مکمل کئے ان میں 32 پیسے کی کرپشن ثابت کردیں تو ہم قومی مجرم ہیں۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نیب کو ہمیشہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا ہے،نیب 22سالوں میں سوائے نوازشریف کے کسی کو سزانہیں دلواپائی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے 4سال نیب کو اپنے قبضے میں رکھا،نیب نے شہباز شریف کو 18 ماہ بغیر مقدمات کے جیل میں رکھا۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ نیب نے گواہوں پر دباؤ بنایا،جھوٹے بیانات عدالتوں میں دلوائے،ہم انتقام کی سیاست نہیں چاہتے،عمران خان بتائیں کہ ان کیاخراجات کیسے چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان تنقید کرتے ہیں لیکن پارلیمنٹ سے بھاگ گئے،ملک کو تباہ کرنے والے آہستہ آہستہ ملک سے فرارہورہے ہیں۔