میرپورخاص(نمائندہ خصوصی )سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، 26 جون کو ہونے والے انتخابات میں سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژن کے 14 اضلاع کے 21 ہزار 298 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انتخابات سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کے حتمی نتائج کا اعلان 30 جون کو کردیا جائے گا۔پہلے مرحلے کے انتخابات سے قبل مختلف اضلاع میں 946 سے زائد امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں جس میں سے میرپورخاص ضلع میں 71 امیدوار بلامقابلہ اپنی نشستیں جیت چکے ہیں۔ کامیاب امیدواروں میں 4 آزاد اور 67 کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے۔ میرپورخاص شہر کی بات کی جائے تو میونسپل کارپوریشن میں کوئی امیدوار بلامقابلہ کامیاب نہیں ہوسکا۔میرپورخاص ضلع میں چیئرمین، وائس چیئرمین، جنرل وارڈ ممبر اور ضلع کونسل کے ممبران کی 434 نشستوں پر مجموعی طور پر 1330 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات میں حیرت انگیز طور پر سیاسی جماعتوں نے خواتین کو بالکل نظرانداز کردیا ہے۔ ضلع کی 434 نشستوں پر صرف 11 خواتین امیدوار ہی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جس میں سیاسی جماعتوں نے 4 خواتین کو ہی ٹکٹ جاری کئے ہیں جبکہ 7 خواتین آزاد حیثیت میں انتخابات کا حصہ بنی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کی جانب سے میرپورخاص شہر سے نوشابہ ناز اور تعلقہ ڈگری سے نورین کوثر کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں جبکہ صوبے میں حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے میرپورخاص شہر سے جمیلہ بتول اور تعلقہ سندھڑی کے شہر ہنگورنو سے رخسانہ شر کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ 7 آزاد خواتین امیدوار مختلف علاقوں سے جنرل وارڈ ممبر کی نشست پر انتخابات لڑ رہی ہیں۔میرپورخاص ضلع کی 15 لاکھ 5 ہزار 876 کی آبادی میں سے اس مرتبہ 8 لاکھ 42 ہزار 594 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ضلع بھر میں 4 لاکھ 53 ہزار 579 مرد اور 3 لاکھ 89 ہزار 15 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضلع بھر میں 785 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے ہیں جس میں سے 244 مردوں کے لیے، 238 خواتین کے لیے اور 303 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ ضلع بھر کے بلدیاتی انتخابات میں 22 سو 55 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 11 سو 96 مرد اور ایک ہزار 59 عورتوں کے پولنگ بوتھ ہوں گے۔میرپورخاص کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے کے بعد اس مرتبہ شہر کو دو ٹاؤں میونسپل کارپوریشن میر شیر محمد خان تالپور اور سید خادم علی شاہ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن (شہری حلقوں)میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 613 ہے جن میں سے ایک لاکھ 15 ہزار 166 مرد اور 98 ہزار 447 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ میونسپل کارپوریشن میں 210 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 95 مرد، 90 خواتین ووٹرز کیلئے جبکہ 25 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔