کراچی (بیورورپورٹ ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سینیٹر سکندر علی میندھرو کے انتقال پر اظہار افسوس کیلئے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ چیئرمین سینیٹ نے مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم سینیٹر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحوم سینیٹر سکندر علی میندھرو ایک مدبر سیاستدان تھے ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ملک میں جمہوریت کے فروغ اور ایوان بالاء میں قانون سازی کے حوالے سے مرحوم سینیٹر کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ ا للہ تبارک تعالیٰ مرحوم سینیٹرکی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کچھ وقت مرحوم سینیٹر سکندر علی میندھرو کے اہلخانہ کے ساتھ گزارا۔چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ پارلیمانی وفد میں سینیٹرز کہدہ بابر، مشتاق احمد،رانامحمود الحسن بھی موجود تھے