کراچی(نمائندہ خصوصی) نگران صوبائی وزیر برائے بلدیات، ہاﺅسنگ اینڈ ٹاﺅن پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ میرا تعلق سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی سہولت اور خدمت سے ہے۔ محکمہ بحالیات کا وژن صرف اور صرف صوبے کے عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے۔ محکمہ بحالیات کا اسٹریکچر ایسا ہو کہ کراچی تا کشمور تمام عوام کو فوری ریلیف حاصل ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں محکمہ بحالیات کے حوالے سے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بحالیات سندھ پرویز سہیڑ، ڈی جی سلمان شاہ، ڈائریکٹر آپریشن امداد حسین صدیقی، ڈائریکٹر حسنا ضمیر، پروجیکٹ ڈائریکٹرز و دیگر بھی موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر مبین جمانی کو محکمہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور محکمہ کے تحت چلنے والی 1122 ایمبولینس، میڈیکل موبائل یونٹس، کرونا اور بعد ازاں بارشوں اور سیلاب کے دوران کی جانے والی خدمات سمیت دیگر سے نگران صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ نگران صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیلاب اور بارشوں کے دوران ساڑھے سات لاکھ لوگوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ اس 8 ماہ کے دوران کئی لاکھ افراد کو طبی سہولیات، کھانے پینے سمیت دیگر امداد فراہم کی گئی۔ سیکرٹری بحالیات نے بتایا کہ حالیہ کچھ روز قبل ہونے والے ٹرین حادثہ کے بعد 1122 کی صوبے بھر سے ایمبولینس اور میڈیکل یونٹس کو وہاں شفٹ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران میڈیکل موبائل یونٹس کی مدد سے 20 ڈسٹرکٹ میں 3 لاکھ سے زائد افراد کا علاج معالجہ، 4 لاکھ سے زائد مختلف ٹیسٹ، ایک لاکھ سے زائد الٹرا ساونڈ اور 80 ہزار سے زائد ایکسرے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب۔ کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر برائے بلدیات، ہاﺅسنگ اینڈ ٹاﺅن پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے محکمہ بحالیات کی خدمات کے دائرے کو مزید بڑھایا جائے اور اس کے لئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمٹ (پی ڈی ایم اے) اور محکمہ بحالیات کے ربط کو مزید قریب لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام افسران پر لازم ہے کہ وہ موجودہ نگران حکومت کے عوامی خدمت کے وژن کے تحت ادارے کو چلائیں۔