لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے پاکستان میں نئی تعینات ہونے والی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے رائے ونڈ جاتی امراءمیں ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے استوار قریبی دو طرفہ دوستانہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے علاوہ ماحولیات، تجارت، آئی ٹی، تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ مریم نوازشریف نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر جین میریٹ کو مبارک دی اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جین میریٹ کی خدمات کو بھی سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ جین میریٹ کی تعیناتی سے برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین اور بچیوں کی تعلیم کے لئے برطانیہ کی جانب سے مدد کو بھی سراہا اور شکریہ ادا کیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے نیک تمناﺅں کے اظہار پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔