کراچی(اسٹاف رپورٹر)فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سانگھڑ میں بیلٹ باکس اور دیگر سامان رکشے میں بغیر سیکیورٹی اور عملے کے لیکر جانا الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے اور جی ڈی اے کے امیدواروں کے نامزدگی فارم رد کیئے جارہے ہیں چیف الیکشن کمشنر کو چاہیے کہ کاغذی نوٹس لینے کے بجائے عملی طور پر سخت اقدامات اٹھا کر الیکشن کو شفاف بنائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا آغاز ہوچکا ہے پیپلز پارٹی کی حکومت انتخابات میں من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے یوسیز اور ٹائونز میں جعلی ترقیاتی کام کررہی ہے جو کہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے بار بار شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن نوٹیس نہیں لے رہی ہے انہوں نے کہا جان بوجھ کر جی ڈی اے کے امیدواروں کے نامزدگی فارم رد کیے جارہے ہیں ، زرداری لیگ مخالف امیدواروں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں ، پولیس اور غنڈوں کے ذریعے ہمارے امیدواروں کو دھمکایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن اور زرداری لیگ ایک سکے کے دو رخ ہیں لہذا ہم سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات صاف اور شفاف کرانے اور الیکشن والے دن خونریزی والے منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے احکامات جاری کریں ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے والے انتخابی الیکشن میں ڈسٹرکٹ خیر پور میرس کے علاقے حضرت سچل سرمست کی نگری درازا شریف میں جی ڈی اے کے 12سے زائد نوجوانوں کو شہید و زخمی کیا گیا تھا۔